02/05/2026
مدرسہ لاثانیہ انوارالقرآن اگوکی میں طلبہ و اساتذہ کی فلاح و بہبود اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ریسکیو 1122 کی جانب سے ایک نہایت مفید اور معلوماتی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد شرکاء کو ابتدائی طبی امداد (First Aid)، آگ لگنے کی صورت میں حفاظتی تدابیر، اور مختلف حادثات میں فوری اور مؤثر ردعمل کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔
ورکشاپ کے دوران ریسکیو 1122 کے ماہر ٹرینرز نے عملی مظاہرے کے ذریعے بتایا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں کس طرح بروقت اور درست اقدامات کیے جائیں۔ طلبہ کو CPR (Cardiopulmonary Resuscitation) کی تربیت بھی دی گئی اور بتایا گیا کہ بے ہوشی، دل کا دورہ یا سانس رکنے کی صورت میں مریض کی جان کیسے بچائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ آگ بجھانے کے آلات کے استعمال کا عملی طریقہ بھی سکھایا گیا۔
اساتذہ اور طلبہ نے اس ورکشاپ میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مختلف سوالات کے ذریعے اپنی معلومات میں اضافہ کیا۔اس موقع پر علامہ قاری محمود احمد نقشبندی مہتمم مدرسہ ہذا، علامہ حافظ غلام حسین سلطانی، علامہ مفتی محمد زبیر محمود نقشبندی ناظم تعلیمات ادارہ ہذا، چوہدری عدنان افضل،،مدرسہ کے اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی ۔
اس موقع پر مدرسہ کے مہتمم اور منتظمین نے ریسکیو 1122 کے عملے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی تربیتی سرگرمیاں نہ صرف تعلیمی اداروں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کے لیے نہایت ضروری ہیں۔