05/07/2026
محرم الحرام کے دوران روہڑی کے مختلف مقامات پر بڑے سائز کے پنکھوں کی تنصیب، ان کی محفوظ انداز میں منتقلی، مسلسل دیکھ بھال، اور پھر جلوسوں کے اختتام پر انہیں اتار کر محفوظ کرنا ایک نہایت محنت طلب، ذمہ داری سے بھرپور اور وقت طلب خدمت ہے۔ یہ وہ کام ہے جو صرف وقت ہی نہیں بلکہ اخلاص، نظم و ضبط اور جذبۂ خدمت بھی مانگتا ہے۔
الحمدللہ، خادمینِ زائرینِ کربلا، روہڑی کو اس خدمت میں ہر سال امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) روہڑی یونٹ کے باہمت، مخلص اور پرجوش نوجوانوں کا بھرپور تعاون حاصل رہتا ہے۔ پنکھوں اور دیگر انتظامات کی تنصیب سے لے کر اختتامِ محرم تک، ان کی انتھک محنت اور خاموش خدمت ہمارے لیے باعثِ فخر اور قابلِ قدر ہے۔
یہ پہلا سال نہیں کہ ہم ان خدمات کا اعتراف کر رہے ہیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے ہماری یہ روایت رہی ہے کہ ہم ان نوجوانوں کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں بطورِ اظہارِ تشکر ایک مالی تعاون پیش کرتے ہیں۔ جب بھی ہم نے ان سے دریافت کیا کہ یہ رقم کس مقصد کے لیے استعمال کی جائے، تو انہوں نے ہمیشہ نہایت عقیدت کے ساتھ یہی خواہش ظاہر کی کہ اسے زیارتِ حضرت امام رضا علیہ السلام (ایران) کے لیے وقف کیا جائے، تاکہ ان کے ایک خوش نصیب رکن کو اس بابرکت سفر کی سعادت حاصل ہو سکے۔
اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، اس سال خادمینِ زائرینِ کربلا، روہڑی کی جانب سے ایک لاکھ روپے, بطورِ اظہارِ تشکر پیش کیے گئے۔ یہ رقم امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) روہڑی یونٹ کے نمائندے برادر باقر کے حوالے کی گئی، تاکہ حسبِ روایت اسے زیارتِ حضرت امام رضا علیہ السلام کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ یہ ہماری جانب سے ان نوجوانوں کی محنت، اخلاص اور محرم الحرام میں عزادارانِ امام حسینؑ کی بے لوث خدمت کے اعتراف کی ایک عاجزانہ کوشش ہے۔
خادمینِ زائرینِ کربلا، روہڑی
KZKR