24/08/2026
ماں محبت، ایثار، شفقت اور بے لوث قربانی کا وہ عظیم پیکر ہے جس کی آغوش اولاد کے لیے سکون کی پناہ گاہ، جس کی دعائیں زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ اور جس کی تربیت کامیاب زندگی کی مضبوط بنیاد ہوتی ہے۔ ماں کی خدمت سعادت، اس کی رضا خوش بختی اور اس کی دعائیں دنیا و آخرت کی سب سے بڑی دولت ہیں۔
مفتی عنایت الرحمٰن ہزاروی
تفصیلات کے مطابق پاکستان سنی تحریک صوبہ خیبر پختونخوا علماء بورڈ کے سیکرٹری جنرل مفتی عنایت الرحمٰن ہزاروی نے مولانا وقار سواتی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ماں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ وہ عظیم نعمت ہے جس کی شفقت اولاد کے لیے رحمت کا سایہ، جس کی دعائیں کامیابی کا سرمایہ اور جس کی تربیت پوری زندگی کے لیے مشعلِ راہ ہوتی ہے۔ ماں کا دنیا سے رخصت ہو جانا محض ایک فرد کی جدائی نہیں بلکہ شفقت، محبت اور دعاؤں کے ایک ایسے سایہ دار حصار سے محرومی ہے جس کا خلا زندگی بھر محسوس ہوتا رہتا ہے۔ یہ ایسا ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس کی کمی دنیا کی کوئی نعمت پوری نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا وقار سواتی کی والدہ محترمہ کے انتقال کی المناک خبر سن کر دلی طور پر نہایت رنج و غم ہوا۔ ماں کی جدائی کا غم وہ کرب ہے جسے الفاظ میں پوری طرح بیان نہیں کیا جا سکتا۔
مفتی عنایت الرحمٰن ہزاروی
نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے اور انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین