21/03/2026
چکن کو طویل عرصے تک صحت بخش غذا سمجھا جاتا رہا ہے، خاص طور پر وزن کم کرنے اور فٹنس کے شوقین افراد میں اس کا استعمال عام ہے۔ تاہم حالیہ تحقیق نے اس تصور کو چیلنج کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ چکن کا حد سے زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
اطالوی سائنسدانوں کی تحقیق کے مطابق ہفتے میں 300 گرام سے زیادہ چکن کھانے سے معدے اور آنتوں کے کینسر سمیت دیگر سنگین بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ مردوں میں یہ خطرہ زیادہ پایا گیا۔ ماہرین کے مطابق اصل مسئلہ چکن کا ضرورت سے زیادہ استعمال اور اسے زیادہ درجہ حرارت پر پکانے کے طریقے ہیں۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ چکن اعتدال میں کھانا نسبتاً محفوظ ہے اور متوازن خوراک کے لیے مچھلی، دالیں، سبزیاں اور فائبر کو بھی غذا کا حصہ بنانا چاہیے، جبکہ پراسیس شدہ چکن اور غیر صحت مند پکانے کے طریقوں سے پرہیز ضروری ہے۔