11/06/2020
ان اللّٰہ لایحب المفسدین (القصص:۷۷)
ترجمہ: ”اللہ تعالیٰ فسادیوں کو پسند نہیں کرتے۔۔“
رحم، خیرخواہی اور امن پسندی اسلام کے بنیادی عناصر ہیں، اسلام میں پہلے سلام پھر کلام کی ترغیب آئی ہے۔ السلام علیکم کے صرف یہ معنی نہیں ہیں کہ تم پر سلامتی ہو، بلکہ اس کا مفہوم یہ بھی ہے کہ تم میری طرف سے محفوظ و مامون ہو۔ اسلام میں ہر کام شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھنے کی ترغیب دی گئی ہے، جس میں اللہ کے دو صفاتی نام یعنی رحمن ورحیم بھی شامل ہیں، یعنی بڑامہربان نہایت رحم والا ہے۔ اس طرح انسانوں کی زندگی پر بھی اسکے اثرات مرتب ہوتے ہیں.
عملی طور پر ایک مسلمان کو یہ تعلیم دی جاتی ہے کہ وہ معاشرے میں امن وسلامتی کا پیغامبر بنے نہ کہ تشدد، نا انصافی اور ظلم و زیادتی کاسفیر۔ چنانچہ اسے حکم دیاگیا کہ ہر روز تشہد کے اندر بار بار ان الفاظ کی تکرارکرے۔ ”السّلام علیک أیُّہا النبي ورحمة اللّٰہ وبرکاتہ، السّلام علینا وعلیٰ عباد اللّٰہ الصالحین“۔
یہی نہیں بلکہ نماز کا اختتام ہی ان الفاظ پر ہوتا ہے ”السّلام علیکم ورحمة اللّٰہ“
اس لیے امن اسلام کے بنیادی ماخذ ہیں اور انکے فروغ کے لیے ہم سب کو اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہئیے. یہ ہمارا اولین فرض ہے.