29/06/2026
پاکستان علماء کونسل سندھ میں رکنیت سازی مہم کا کامیاب آغاز
الحمدللہ! پاکستان علماء کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری، فاضلِ دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا محمد اسعد زکریا قاسمی صاحب کی جانب سے محمد اشھد اسعد کو کنوینئر پاکستان علماء کونسل کراچی مقرر کیے جانے کے بعد رکنیت سازی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں صوبائی سیکرٹریٹ پاکستان علماء کونسل سندھ، جامعہ اسلامیہ انوار العلوم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام، دینی و سماجی شخصیات اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء کی بڑی تعداد نے پاکستان علماء کونسل کی رکنیت حاصل کرتے ہوئے اس دینی، ملی اور قومی جدوجہد کا حصہ بننے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ان شاء اللہ قائد محترم حضرت مولانا علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی صاحب (چیئرمین پاکستان علماء کونسل) کی سرپرستی و قیادت میں کراچی کے مختلف اضلاع میں تنظیمی انتخابات منعقد کیے جائیں گے، جن کے بعد تمام ضلعی تنظیموں کو مکمل اور فعال کیا جائے گا۔
تقریب کی ایک اہم بات یہ بھی رہی کہ علامہ اختر کشمیری صاحب (USA) نے پاکستان علماء کونسل میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امریکہ میں بھی پاکستان علماء کونسل کے پیغامِ امن، اتحاد اور اعتدال کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اس بابرکت تقریب میں رحیم یار خان سے آئے ہوئے مہمان مولانا محمد سعد اللہ شفیق صاحب،صاحبزادہ حضرت مولانا محمد سرمد اسعد، محمد عاطف صاحب، محمد اقبال صاحب، مفتی اسامہ رشید صاحب سمیت دیگر معزز احباب نے شرکت فرمائی۔
اللہ تعالیٰ پاکستان علماء کونسل کو دینِ اسلام، وطنِ عزیز پاکستان اور امتِ مسلمہ کی خدمت کی مزید توفیق عطا فرمائے، اور اس رکنیت سازی مہم کو ملک بھر میں کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔
پاکستان علماء کونسل
پیغامِ امن، اتحاد، اعتدال اور استحکامِ پاکستان