12/04/2023
تحریر و ترتیب:۔ سپرچوئل سائنٹسٹ صوفی علی اکبر شاہ علوی مرتضوی
حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام پر خارجی ابن ملجم نے 26 جنوری 661ء بمطابق 19 رمضان، 40ھ کو کوفہ کی مسجد میں زہر آلود تلوار کے ذریعہ نماز کے دوران میں قاتلانہ حملہ کیا۔ اس حملہ کی وجہ سے حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام زخمی ہوئے، اگلے دو دن تک آپ زندہ رہے لیکن زخم گہرا تھا، چنانچہ جانبر نہ ہو سکے اور 21 رمضان 40ھ کو وفات پائی۔ آپ تیسرے خلیفہ تھے جن کو خلافت کے دوران قتل کیا گیا، آپ سے پہلے عمر بن خطاب اور عثمان بن عفان کو قتل کیا جا چکا تھا۔
حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام 656ء میں قتل حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے بعد خلیفہ بنے تھے۔ تاہم انھیں معاویہ بن ابو سفیان اور دیگر افراد کی جانب سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ اور نتیجتاً اسلام میں پہلی خانہ جنگی ہوئی۔ اسے پہلا فتنہ بھی کہا جاتا ہے، اس کے بعد اسلامی خلافت دو حصوں میں بٹ گئی اور یوں خلافت راشدہ کے ساتھ خلافت امویہ کا آغاز ہوا۔ پہلے فتنے کا آغاز تیسرے خلیفہ راشد حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ بن عفان کے 656ء میں قتل سے ہوا جو حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام کے چار سالہ دور خلافت تک جاری رہا۔ 657ء میں حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام نے جنگ صفین میں معاویہ بن ابو سفیان کے ساتھ ثالثی کرنے پر آمادہ ہوئے، یہ نوبت حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام کی فوج میں کچھ لوگوں کی بغاوت کی وجہ سے آئی تھی جنھیں بعد میں خارجی کہا جانے لگا۔ انھوں نے حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام کے کچھ فوجیوں کو قتل کر ڈالا، لیکن جلد ہی 658ء میں جنگ نہروان میں علی بن ابی طالب کی افواج نے انھیں کچل ڈالا۔
عبد الرحمن بن ملجم مرادی، نے مکہ میں دوسرے دو خارجی برک ابن عبد اللہ اور عمرو بن بکر تمیمی سے ملاقات کی۔ ان لوگوں نے تین بڑی اسلامی شخصیتوں حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام ، معاویہ بن ابی سفیان اور گورنر مصر عمرو بن عاص کو مسلمانوں کے موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار دیا اور اپنے وقت کی "ناپسندیدہ صورت حال" کو حل کرنے کے لیے، ان تین شخصیات کو قتل کرنے اور اپنے اصحاب نہروان کے قتل کا بدلہ لینے کا فیصلہ کیا۔ دراصل ابن ملجم کا حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام کو قتل کرنے کا محرک نہروان کی وہ خاتون بنی جس سے اسے محبت تھی، اس عورت کا باپ اور بھائی جنگ نہروان میں مارے گئے تھے۔ اس خاتون نے اس شرط پر شادی کی ہامی بھری کہ ابن ملجم حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام کو شہید کر دے۔ چنانچہ کوفہ کی مسجد میں ابن ملجم نے حضرت امام مولا کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام پر حملہ کیا، جس سے وہ شہید ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں اگلے خلیفہ حضرت امام مولا حسن ابن علی علیہ السلام نے ابن ملجم کو سزائے موت دے دی۔