18/05/2026
*عازمینِ حج کی خدمت میں*
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سب سے پہلے صمیمِ قلب سے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیجیے کہ اُس کریم ذات نے اپنے مقدس گھر کی حاضری، زیارت اور داخلے کی سعادت عطا فرمائی۔ الحمد للہ، یہ بہت بڑی نعمت ہے۔
کوشش کیجیے کہ کم از کم ۱۱۰۰ مرتبہ نہایت توجہ، خشوع اور استحضار کے ساتھ صرف
الحمد للہ
پڑھیں۔
اور موقع ملے تو شکرانے کے دو رکعت نفل بھی ادا کریں۔
1️⃣ عمرہ اور کثرتِ طواف
اپنی وسعت اور طاقت کے مطابق عمرے کریں، لیکن یاد رکھیے کہ مکہ مکرمہ میں کثرتِ طواف بہت بڑی عبادت ہے، کیونکہ زیادہ وقت حرم شریف میں گزارنا بذاتِ خود عظیم سعادت ہے۔
2️⃣ اصل مقصد: حجِ فرض
ہماری اصل اور سب سے اہم عبادت حجِ فرض ہے۔
اس لیے کوشش کیجیے کہ نفلی عبادات میں اتنی مشغولیت اور تھکاوٹ نہ ہو جائے کہ حج کے ایام میں نشاط، شوق اور قوت متاثر ہو۔
ہمارے اکابرین فرماتے ہیں کہ ۸ ذی الحجہ سے دو تین دن پہلے نفلی مشقت والی عبادات کچھ کم کر دینی چاہییں تاکہ حجِ فرض پورے ذوق، محبت اور تازگی کے ساتھ ادا ہو۔
3️⃣ تلاوتِ قرآن کا اہتمام
قرآنِ کریم کی تلاوت کا خاص اہتمام رکھیے۔
کوشش ہو کہ:
📖 ایک ختم مکہ مکرمہ میں
📖 اور ایک ختم مدینہ منورہ میں مکمل ہو۔
4️⃣ مکہ اور مدینہ کا ادب
جب مکہ مکرمہ جائیں تو یہ تصور دل میں تازہ رکھیں کہ:
“ہم اپنے پیارے اللہ تعالیٰ کے مہمان بن کر آئے ہیں۔”
دل میں عظمت، ہیبت، رعب اور ادب ہونا چاہیے۔
اور جب مدینہ منورہ حاضر ہوں تو یہ کیفیت ہو کہ:
“ہم سرکارِ دو عالم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہیں، اُن کے مہمان ہیں۔”
وہاں انتہائی ادب، نرمی اور محبت اختیار کریں۔
کسی سے اختلاف، جھگڑا، تلخی یا گھر والوں کے ساتھ تو تُو میں میں ہرگز نہ ہو۔
اپنے دل کو نرم کریں، عاجزی اختیار کریں، اور بار بار یہ جملہ کہیں:
سب کو معاف ہے…
سب کو معاف ہے…
کچھ نہیں کہنا…
5️⃣ مدینہ منورہ میں درود شریف
مدینہ منورہ میں کثرت سے درود شریف پڑھیں۔
کوشش کریں کہ:
🌹 کم از کم ۵ ہزار سے ۱۰ ہزار درود شریف
اور اگر ۱۵ یا ۲۰ ہزار تک ہو جائے تو سبحان اللہ!
6️⃣ عرفہ — حج کا دل
عرفہ بہت عظیم دن ہے۔
حدیث میں آتا ہے:
الحج عرفہ
یعنی “حج تو عرفہ ہی کا نام ہے۔”
اس سے پہلے منیٰ کا قیام گویا ایک روحانی ویٹنگ روم ہے۔
یہاں سے عرفات کی تیاری شروع ہوتی ہے۔
۸ ذی الحجہ کو منیٰ میں بیٹھ کر مکمل منصوبہ بنائیں:
اللہ سے کیا مانگنا ہے؟
کس انداز سے دعا کرنی ہے؟
کیا عرض کرنا ہے؟
کن گناہوں پر رونا ہے؟
کون سی دعائیں بار بار مانگنی ہیں؟
ایک ڈائری یا صفحہ پر اپنی تمام دعائیں نمبر وار لکھ لیں تاکہ عرفہ میں وقت سوچنے میں نہ گزرے، بلکہ مسلسل مانگتے رہیں۔
7️⃣ طواف کے اذکار
دورانِ طواف تیسرے اور چوتھے کلمے کا اہتمام رکھیں۔
اور رکنِ یمانی اور حجرِ اسود کے درمیان یہ دعا پڑھیں:
رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ
اسی طرح مناجاتِ مقبول کی روزانہ ایک منزل پڑھنے کی کوشش کریں۔
8️⃣ عرفہ کی دعا
عرفہ کے دن کم از کم ایک سے دو گھنٹے مکمل توجہ، انہماک، گریہ اور عاجزی کے ساتھ دعا مانگیں۔
9️⃣ مزدلفہ کی کیفیت
وقوفِ مزدلفہ میں بھی یہی روحانی کیفیت برقرار رکھیں۔
خاموشی، ذکر، دعا اور اللہ کی طرف کامل توجہ ہو۔
🔟 ہر عمل عاشقانہ انداز سے
رمی، قربانی، حلق، تقصیر — ہر ہر عمل محبت، شوق اور بندگی کے جذبے سے ادا کریں۔
اور ہر عمل کے بعد یہ دعا پڑھیں:
رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ
1️⃣1️⃣ دعاؤں کی درخواست
اپنے لیے، اپنے اہل و عیال، اساتذہ، احباب، امتِ مسلمہ اور خصوصاً مظلوم مسلمانوں کے لیے بہت دعائیں کیجیے۔
اور ہمیں بھی اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیے۔
اللہ تعالیٰ آپ تمام حضرات کا حج قبول فرمائے، اسے حجِ مبرور بنائے، اور بار بار حاضری نصیب فرمائے۔ آمین۔
✍️
از بندۂ خادمِ حدیث
عبد العزیز عفی عنہ
رکن شعبۂ موسوعۃ الحدیث، دارالعلوم کراچی
ومدیر و رئیس التخصص فی الحدیث
معارف السنہ اسلامک سینٹر، ڈیفنس
18 مئی 2026