22/08/2026
پریس ریلیز
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر میونسپل کارپوریشن گجرات کے جلوس کا حسینیہ ٹرسٹ کی جانب سے پرتپاک استقبال
گجرات: میونسپل کارپوریشن گجرات کی جانب سے عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا، جس کی قیادت چیف آفیسر بلدیہ ملک ظفر عباس نے کی۔ جلوس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی، مذہبی اور تاجر برادری کی اہم شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلوس جب امام بارگاہ حسینیہ گجرات کے سامنے پہنچا تو حسینیہ ٹرسٹ کی جانب سے صدر حسینیہ ٹرسٹ میر جواد حسین جعفری کی زیرِ اہتمام جلوس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر شرکائے جلوس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور معزز شرکاء کو ہار پہنائے گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حسینیہ ٹرسٹ کے عہدیداران نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ امتِ مسلمہ کے لیے محبت، اخوت، امن، رواداری اور سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہونے کا پیغام لے کر آتی ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی معاشرے میں امن، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے۔
جلوس میں سابق میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری طاہر ماندہ، کوآرڈینیٹر تو چوہدری شافع حسین، علی سہیل رضی، صدر انجمن تاجران آڑھتیاں حافظ صابر جاوید، مرکزی صدر انجمن تاجران مسلم بازار ندیم بٹ سمیت دیگر اہم شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔
حسینیہ ٹرسٹ کی جانب سے علامہ محمد اصغر یزدانی، جنرل سیکرٹری حسینیہ ٹرسٹ چوہدری ذاکر حسین، سید آصف رضا نقوی، چوہدری سجاد کہانہ، سید قمر عباس، چوہدری صغیر حسین اور سید قلب عباس سمیت ٹرسٹ کے دیگر عہدیداران و اراکین نے استقبال کے انتظامات میں شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے درود و سلام پیش کیا اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
حسینیہ ٹرسٹ کے صدر میر جواد حسین جعفری نے میونسپل کارپوریشن گجرات کی جانب سے منعقدہ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ تمام انسانیت کے لیے محبت، رحمت اور بھائی چارے کا عظیم پیغام ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔