27/05/2026
عیدِ سعید قربان کے موقع پر آج وادیٔ کشمیر بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ عید منائی گئی۔ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کی سرپرستی میں مختلف مقامات پر نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں ہزاروں عاشقانِ اہلِ بیتؑ نے شرکت کی۔
سب سے بڑا اجتماع امام بارگاہ آیت اللہ یوسفؒ شاریع فضل اللہ بمنہ میں منعقد ہوا، جہاں نمازِ عید کی امامت رئیس انجمن حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے انجام دی۔ نمازِ عید میں ہزاروں مؤمنین نے شرکت کرکے اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا۔
نماز کے فوراً بعد آغا صاحب نے خطبۂ عید پیش کیا، جس میں انہوں نے عیدِ قربان کی روح، حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانیوں کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عیدِ قربان انسان کو ایثار، صبر، اطاعتِ الٰہی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔
آغا صاحب نے فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے مقدس سرزمین پر موجود حجاجِ کرام کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حج امتِ مسلمہ کے اتحاد، اخوت اور تقویٰ کا عظیم مظہر ہے۔
اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے حالیہ سانحۂ گلوان پورہ بڈگام پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات دوبارہ کشمیر میں پیش نہیں آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر صوفیوں، اولیاء اور امن و محبت کی سرزمین ہے، اور یہاں نفرت، تشدد اور درندگی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ آغا صاحب نے عوام سے اتحاد، بھائی چارے اور سماجی بیداری کو فروغ دینے کی اپیل بھی کی۔
فضل اللہ نیٹورک جموں وکشمیر