18/07/2023
*ثواب کمانے اور گناہ مٹانے کے بعض طریقے*
*اللّٰہ تعالیٰ کا ذکر کرنا*:
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا"کیا میں تمہیں عملوں سے سب سے بہتر عمل کی خبر نہ دوں؟ جو اپنے مالک کے نزدیک نہایت پاکیزہ، تمہارے درجوں کو بلند کرنے والا، تمہارے لیے سونے چاندی خرچ کرنے سے بہتر اور اس سے بہتر کہ تم دشمن سے ملو اور تم ان کی گردنیں مارو اور وہ تمہاری گردنیں ماریں۔ صحابہ کرام رضوان اللّٰہ علیھم اجمعین نے کہا کیوں نہیں, آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا وہ محبوب عمل اللّٰه کا ذکر ہے۔
*بھلائی کرنا اور خیر کی طرف بلانا*:
ہر بھلائی صدقہ ہے اور خیر کی رہنمائی کرنے والا عمل کرنے والے کی طرح ہے۔(بخاری و مسلم)
*اللّٰه کی طرف بلانے کی فضیلت*:
جس نے ہدایت کی طرف بلایا، اس کو اتباع کرنے والوں کی طرح اجر ملے گا اور اتباع کرنے والوں کے اجر میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔(مسلم)
*بھلائی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا*:
"تم میں سے کوئی برائی دیکھے تو اسے اپنے ہاتھ سے بدل دے، اگر اس کی طاقت نہ ہو تو اپنی زبان سے، اگر اسکی بھی طاقت نہ ہو تو اپنے دل سے(دل میں اسے برا سمجھے) اور یہ ایمان کا سب سے کمزور درجہ ہے"۔(مسلم)
*اللّٰه کے واسطے سے محبت کرنا*:
اللّٰہ تبارک وتعالیٰ قیامت کے دن فرمائے گا "میری عظمت و جلال کے واسطے باہم محبت کرنے والے کہاں ہیں؟ میں انہیں آج اپنے سایہ میں جگہ دوں گا جب کہ میرے سایہ کے سوا کوئی سایہ نہیں ہے۔(مسلم)