22/08/2026
پریس ریلیز ۔۔۔21.08.26
مردان : مرکزی جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام پروقار "حجیتِ حدیث اجتماع" کا انعقاد
مردان (نمائندہ خصوصی) : مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع مردان کے زیر اہتمام مسجد انصار، رحمان کالونی، ڈاگے شاہ میں ایک نہایت پروقار اور ایمان افروز "حجیتِ حدیث اجتماع" کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجتماع میں علمائے کرام ، طلباء اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجتماع کے خصوصی مہمان الشیخ ابوادریس امین اللہ (حفظہ اللہ) نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ فرمانِ مصطفیٰ ﷺ دینِ اسلام کی بنیاد اور ہماری دنیا و آخرت کی فلاح کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے قرآن کے ساتھ ساتھ حدیثِ نبوی ﷺ کی اہمیت اور اس کی شرعی حیثیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اتباعِ رسول ﷺ کے بغیر ایمان کی تکمیل ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے دلوں کو اتباعِ نبوی ﷺ سے منور کریں اور دین کے فہم کے لیے حدیث کو اساس بنائیں۔
اجتماع کا باقاعدہ آغاز نمازِ مغرب کے فوراً بعد ہوا، جس میں شرکاء نے بڑے ذوق و شوق سے شرکت کی۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایسے اجتماعات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں صحیح دینی شعور اجاگر کیا جا سکے۔
پروگرام کے اختتام پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلی حافظ عبید ہوتی و دیگر نے تمام شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ منتظمین کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مستقبل میں بھی فلاحِ انسانیت اور دینی بیداری کے لیے اس طرح کی کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔
جاری کردہ : شعبہ نشر و اشاعت
مرکزی جمعیت اہلحدیث، ضلع مردان