16/08/2026
مورخہ 16 اگست 2026 بروز اتوار
تحریک منہاج القرآن لاہور کینٹ کا چوتھا سالانہ مشعل بردار جلوس بسلسلہ استقبال ربیع الاول نشاط پارک نشاط کالونی تا بھٹہ چوک تک منعقد ہوا۔
اس دوران فضائیں درود و سلام سے معطّر رہیں اور شرکائے جلوس آمدِ مصطفیٰ مرحبا مرحبا کے نعرے لگاتے رہے اور حضور نبیِ رحمت صلى الله علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ با سعادت کی خوشی منانے کے لیے عشّاقانِ مصطفیٰ نے اپنے ہاتھوں میں جھنڈے، اسمِ محمد کے پلے کارڈز اور مشعلیں اٹھا رکھی تھیں، جو نہایت شاندار منظر پیش کر رہی تھیں اور رنگ و نور کا عجب سماں تھا۔
تحریک منہاج القرآن و منہاج یوتھ لیگ کے قائدین،علمائے کرام ،سیاسی و مذہبی شخصیات مشعل بردار جلوس میں خصوصی طور پر شریک ہوئیں ۔
مختلف تاجر تنظیموں، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندگان اور سیاسی و سماجی شخصیات نے تحریکِ منہاج القرآن کے سالانہ مشعل بردار جلوس کا بھرپور انداز میں جا بجا استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، آتش بازی کی، لوگوں کے گلے میں پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کی خدمت میں پانی پیش کیا۔
جلوس کا اختتام بھٹہ چوک پر ہوا، بعد ازاں جامعہ مسجد باغ رحمت میں اجتماعی دعا کروائی گئی جس کے بعد تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد کی خوشی میں ضیافتِ میلاد کا اہتمام بھی کیا گیا۔
آخر میں تحریک منہاج القرآن لاہور کینٹ کے صدر میاں نواز قادری نے تمام انتظامی امور انجام دینے والے احباب کا، سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں کا، معزز علمائے کرام کا، تاجر برادری کا، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور شرکائے جلوس کا شکریہ ادا کیا، اور تمام شرکاء کو گیارہ اور بارہ ربیع الاوّل کی درمیانی شب مینارِ پاکستان پر منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کی دعوت دی۔
اللہ رب العزت ہماری اس کاوش کو حضور نبیِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشنودی کا باعث بنائے۔ آمین